25 فروری 2017 - 06:26
تنظیم کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے افتتاح کیا

جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان ایک جامعہ پروگرام کے تحت اپنے تمام تنظیمی زونوں میں دارالقرآن اور تنظیم کے زونل دفاتر کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان ایک جامعہ پروگرام کے تحت اپنے تمام تنظیمی زونوں میں دارالقرآن اور تنظیم کے زونل دفاتر کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے زون ماگام میں دارالقرآن اور زونل دفتر قائم کیا گیا۔ زون گاڈہ کھوڈ گامدو میں دارالقرآن اور تنظیمی زونل دفتر کا تنظیم کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے افتتاح کیا۔ رسم افتتاح کے موقعہ پر منعقدہ تقریب میں زون گاڑہ کھوڈ گامدو کے تنظیمی اراکین و عالمین اور مقامی معززین کے علاوہ شاخہائے جامعہ باب العلم کے طلبہ و طالبات کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پرکئی مقررین نے دارالقرآن کے قیام کی اہمیت اور افادیت بیان کی اور علاقہ کے عوام سے تاکید کی کہ وہ اپنے بچوں کو علوم قرآنی سے آراستہ کرنے کیلئے دارالقرآن سے استفادہ کریں۔ تنظیم کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے تعلیم القرآن کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکم اسلام کا آئین اساسی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دائمی معجزہ اور تمام علوم کا سرچشمہ اورحق و باطل کو ایک دوسرے سے جدا کرنے والی نورانی کتاب ہے۔ اسی نسبت سے اس کو الفرقان اور اُم الکتاب بھی کہتے ہیں۔قرآن کریم کی طرف رغبت اور قرآنی فکر سے آشنائی اس کے آفاقی پیغام کی تشہیر و ترویج دین و ملت کی سربلندی اور دنیا و آخرت کی سعادت مندی کیلئے وقت کی ناگزیر ضرورت ہے ۔اسی ناگزیر ضرورت کے احساس کے تحت انجمن شرعی شیعیان نے ایک شرعی مسؤلیت کے عنوان سے وادی کے اطراف و اکناف میں دارالقرآن قائم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان اپنا دینی پروگرام اور دیگر دینی و سماجی خدمات صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور قرب الٰہی کی نیت اور امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضے کے تحت انجام دے رہی ہے۔ اس میں نہ کوئی ریاکاری اور نہ کسی اور تنظیم سے تقابل کاکوئی عنصر موجود ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲